آپریشن شعبان:5 جولائی سے اب تک 102 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی
پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے بلوچستان میں جاری مشترکہ “آپریشن شعبان” کے دوران مزید سات دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں شدت پسند عناصر کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ تازہ آپریشن کے بعد “آپریشن شعبان” کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 64 ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک “آپریشن شعبان” اور دیگر انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز میں مجموعی طور پر 102دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ شدت پسند عناصر کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔