نیٹی جیٹی پل پر کنٹینر اور ڈمپر میں خوفناک تصادم، کنٹینر نیچے گرنے سے بچ گیا
اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فائل فوٹو
کراچی: کراچی کے علاقے نیٹی جیٹی چورنگی کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر اور کنٹینر کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے۔ تصادم کے نتیجے میں کنٹینر سڑک پر الٹ گیا، تاہم معجزانہ طور پر پل سے نیچے گرنے سے بچ گیا جس کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
حادثے کے بعد نیٹی جیٹی پل اور اطراف کی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ جائے وقوعہ پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو سڑک سے ہٹانے اور ٹریفک کی بحالی کے لیے کرینیں طلب کر لی گئی ہیں، اور جلد ہی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔