ایران کا کویت کے دو فضائی اڈوں پر حملوں اور اہم فوجی تنصیبات تباہ کرنے کا دعویٰ
آپریشن کا تیسرا مرحلہ جاری، آبنائے ہرمز میں امریکی مداخلت پر بھی سخت انتباہ
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت کے علی السالم اور احمد الجابر فضائی اڈوں پر حملے کیے ہیں۔
آئی آر جی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علی السالم ایئربیس پر ایندھن کے ذخائر اور پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جبکہ احمد الجابر ایئربیس پر نصب اہم ایف پی ایس (FPS) ریڈار نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق یہ کارروائیاں ایران کے خلاف امریکی فوجی اقدامات کے جواب میں جاری “بدلے کا بدلہ” آپریشن کے تیسرے مرحلے کے دوران پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے انجام دیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ یہ فوجی آپریشن تاحال جاری ہے۔
بیان میں امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ آبنائے ہرمز میں مزید امریکی فوجی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایران اس اہم آبی گزرگاہ میں غیر ملکی فوجی موجودگی کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے گا۔