خوزستان میں زرعی واٹر پمپنگ اسٹیشن پر امریکی حملہ۔ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی

خوزستان کے زرعی مرکز پر حملہ، ایران میں امریکی کارروائیاں مزید تیز

July 13, 2026 · بام دنیا

ایران کے صوبہ خوزستان میں واقع ماہشہر کے زرعی واٹر پمپنگ اسٹیشن پر مبینہ امریکی میزائل حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے امور کے نائب گورنر ولی اللہ حیاتی نے بتایا کہ حملہ پیر کی علی الصبح ایک میزائل کے ذریعے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں جاں بحق ہونے والا شخص واٹر پمپنگ اسٹیشن پر تعینات سیکیورٹی گارڈ تھا، جبکہ زخمی ہونے والے چار افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت پر ڈاکٹروں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

ولی اللہ حیاتی کے مطابق متعلقہ ادارے واقعے کی تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب ایران میں امریکی حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث بوشہر، بندر عباس، قشم اور جاسک میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن کے بعد مختلف علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔