امریکہ کا ایران کے ساحلی دفاعی نظام۔میزائل اور ڈرون اڈوں پر حملوں کا دعویٰ
پانچ گھنٹے طویل کارروائی میں ایران کے متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کے ساحلی دفاعی نظام، میزائل اور ڈرون تنصیبات سمیت متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
سینٹکام کے بیان کے مطابق ایران کے خلاف تازہ فوجی کارروائی پانچ گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران بوشہر، چاہ بہار، جاسک، کنارک، ابو موسیٰ اور بندر عباس میں واقع فوجی اہداف پر کامیاب حملے کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی افواج نے انتہائی درست نشانہ لگانے والے ہتھیار (Precision Munitions) استعمال کرتے ہوئے ایران کے ساحلی دفاعی نظام، میزائل اور ڈرون تنصیبات، اور بحری عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا۔
سینٹکام کے مطابق ان حملوں کا مقصد ایران کی تجارتی بحری جہازوں پر حملے کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا تھا۔
امریکی فوج نے مزید بتایا کہ اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں۔
سینٹکام کے ان دعوؤں کی ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔