مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی، یورپی پروازوں کے لیے نیا الرٹ جاری

موجودہ حالات میں شہری طیاروں کو غیر متوقع میزائل یا ڈرون حملوں جیسے ممکنہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں

July 14, 2026 · بام دنیا

 یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے خطے میں بڑھتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر یورپی فضائی کمپنیوں کو خلیجی ممالک کی فضائی حدود میں پروازوں سے احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ای اے ایس اے کے مطابق موجودہ حالات میں شہری طیاروں کو غیر متوقع میزائل یا ڈرون حملوں جیسے ممکنہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جس کے باعث فضائی کمپنیوں کو متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، قطر اور عمان کی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ ہدایت احتیاطی اقدامات کے تحت جاری کی گئی ہے تاکہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ای اے ایس اے نے ایران، عراق اور لبنان کی فضائی حدود کے حوالے سے اسی نوعیت کی سفری ہدایات جاری کی تھیں۔

ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی فضائی آپریشنز متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ مختلف ایئرلائنز صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہیں اور اپنی پروازوں کے روٹس میں ضروری تبدیلیاں کر رہی ہیں۔