معاہدہ نہ ہوا تو بجلی گھر۔پلوں کو نشانہ بنائیں گے۔ٹرمپ کی ایران کو نئی دھمکی
ایران سے مذاکرات ہوئے ہیں، تاہم حملے روکنے کا فیصلہ امریکہ کرے گا۔ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے معاہدے کی جانب پیش رفت نہ کی تو آئندہ ہفتے اس کے بجلی گھروں اور پلوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک وہ خود انہیں روکنے کا فیصلہ نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے منگل کے روز ایران کے ساتھ رابطہ کیا اور اسے معاہدے پر آمادہ ہونے پر زور دیا۔
ٹرمپ کے مطابق ایران کی توانائی سے متعلق تنصیبات ممکنہ اہداف کی فہرست میں شامل ہیں اور اگر مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئے تو آئندہ ہفتے بجلی گھروں اور پلوں پر حملے کیے جا سکتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کو شدید نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور اس کی جنگی صلاحیت محدود ہو چکی ہے، اگرچہ اس کے پاس اب بھی کچھ حد تک مزاحمت کی صلاحیت موجود ہے۔