ایران اپنے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا۔صدر پزشکیان کادوٹوک اعلان
ٹرمپ کی دھمکیوں پر سخت ردعمل، ایرانی صدر کا جنگی اہداف سے متعلق امریکہ کو چیلنج
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے بیان میں صدر پزشکیان نے کہا کہ امریکی صدر کو بتانا چاہیے کہ آیا وہ اپنی فوجی کارروائیوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو اپنے نتائج پر بھی نظر ڈالنی چاہیے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ملک کی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا اور ایرانی عوام اپنی سرزمین کے دفاع میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی تمام شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باضابطہ طور پر جنگ کا راستہ اختیار کر لیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان موجود مفاہمتی یادداشت اب عملاً غیر مؤثر ہو چکی ہے۔