فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں

صدر اردگان سے علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال،ترک عسکری اعزاز بھی دیا گیا۔

July 15, 2026 · بام دنیا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کے سلسلے کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب اردگان، وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو سے ملاقات میں پیشہ ورانہ عسکری تعاون اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور نمایاں عسکری خدمات کے اعتراف میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ترک مسلح افواج کا “ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل” بھی عطا کیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں بری افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکل نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس موقع پر مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔