ایران کا اردن اور کویت کے عوام سے امریکی اڈے ختم کرانے کا مطالبہ
اردن کے ازرق ایئر بیس،کویت میں امریکی اہداف پر حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کرلی۔
ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن کے علاقے ازرق میں واقع امریکی فضائی اڈے پر ایک تازہ حملہ کیا ہے، جس کے بعد اس نے اردن کے عوام سے ملک میں امریکی فوجی موجودگی کی مخالفت کرنے کی اپیل کی ہے۔
آئی آر جی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ آپریشن “نصر 2” کی چھٹی لہر کے دوران امریکی ایف-15، ایف-16 اور ایف-35 لڑاکا طیاروں کے شیلٹرز اور متعدد ایم کیو-9 ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔
بیان میں اردن کے عوام سے کہا گیا کہ وہ اپنے ملک میں امریکی فوجی موجودگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں اور اپنی سرزمین کو اسلامی ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔ آئی آر جی سی نے اردنی شہریوں پر زور دیا کہ وہ امریکی افواج کے انخلا اور امریکی فوجی تنصیبات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
ایک الگ بیان میں، جو کویت کے عوام سے مخاطب تھا، آئی آر جی سی نے کویت میں امریکی فوجی اہداف پر حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی اور کویتی عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے اور “امریکی قبضے” کے فوجی اڈوں سے اسلامی سرزمین کو آزاد کرانے کے لیے اقدامات کریں۔