امریکہ کی ایران سے منسلک 50 سے زائد افراد،کمپنیوں اورجہازوں پر پابندیاں

ایرانی تیل کی برآمدات سے وابستہ نیٹ ورک پر پابندیوں سے بچنے میں مدد دینےکا الزام۔

July 15, 2026 · بام دنیا

امریکہ نے ایران کے شپنگ نیٹ ورک سے منسلک 50 سے زائد افراد، کمپنیوں اور بحری جہازوں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ پابندیاں ایرانی تیل کی تجارت سے وابستہ کاروباری شخصیت محمد حسین شمخانی سے منسلک مبینہ نیٹ ورک پر لگائی گئی ہیں، جس پر پابندیوں سے بچنے اور غیرقانونی شپنگ سرگرمیوں میں معاونت کا الزام ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ محمد حسین شمخانی کا نیٹ ورک ایران کی تیل برآمدات کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ امریکہ نے کہا کہ ان پابندیوں کا مقصد ان افراد، اداروں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنانا ہے جو شمخانی اور ایرانی حکومت کو معاشی فائدہ پہنچانے میں مدد دے رہے ہیں، جبکہ ایرانی عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق شمخانی کا نیٹ ورک ایرانی اور غیر ملکی افراد و کمپنیوں کے ساتھ مل کر پابندیوں سے بچنے کے لیے مختلف طریقے اختیار کرتا ہے، جن میں آف شور شیل کمپنیوں کا استعمال بھی شامل ہے۔ ان کمپنیوں کے ذریعے پابندیوں کا شکار اشیا کی تجارت اور اس سے حاصل ہونے والی رقوم کی منتقلی ممکن بنائی جاتی ہے۔

امریکہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ایرانی حکومت کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اپنے پاس موجود تمام دستیاب ذرائع استعمال کرتا رہے گا۔