بیرونِ ملک پاکستانیوں کےرشتہ دار بن کرفراڈ کرنے والا10رکنی گینگ گرفتار
سندھ کےملزمان ماسکنگ سافٹ ویئر اور غیر ملکی واٹس ایپ نمبروں سے شہریوں کو لوٹتے تھے
فائل فوٹو
این سی سی آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک پاکستانیوں کے رشتہ دار بن کر فراڈ کرنے والے 10 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق سندھ سے تعلق رکھنے والے ملزمان جدید ماسکنگ سافٹ ویئر اور غیر ملکی واٹس ایپ نمبرز کے ذریعے شہریوں کو لوٹتے تھے۔ ملزمان ہنگامی صورتحال اور ویزا مسائل کا جھوٹا بہانہ بنا کر شہریوں سے لاکھوں روپے مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرواتے تھے۔
این سی سی آئی اے نے اسلام آباد کے علاقے سوہان گارڈن میں چھاپہ مار کر محسن، عادل اور معشوق سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 10 موبائل فون، حساس بینک ڈیٹا، جعلی ٹرانزیکشن سلپس اور اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے۔
ڈائریکٹر محمد علی وسیم کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور منی ٹریل کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔