بلوچستان میں ٹماٹرلدے ٹرک سے11کروڑمالیت کی کرسٹل آئس برآمد

کولپور میں کسٹم کارروائی، فیول ٹینک کے خفیہ خانے سے 10 کلو کرسٹل آئس برآمد

July 15, 2026 · قومی

فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے کولپور میں کسٹم انفورسمنٹ یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے ٹماٹروں سے لدے مزدا ٹرک سے 10 کلو گرام کرسٹل آئس برآمد کر لی۔

کسٹم حکام کے مطابق برآمد ہونے والی 10 کلوگرام کرسٹل آئس کی مالیت تقریباً 11 کروڑ 12 لاکھ روپے ہے۔ منشیات ٹماٹروں سے لدے مزدا ٹرک کے فیول ٹینک کے ساتھ نصب سلنڈر نما خفیہ خانے سے برآمد کی گئی، جہاں سے 10 پیکٹ قبضے میں لیے گئے۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق دشمن عناصر کو ملکی معیشت اور قومی سلامتی سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں منشیات کے مکمل خاتمے تک انسدادِ اسمگلنگ کی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔