راولپنڈی کاماں بچہ اسپتال اب چلڈرن ہاسپٹل بنےگا،لاگت9ارب سے اوپر چلی گئی
21 سال سے زیر تکمیل منصوبہ اب 400 بیڈ کے چلڈرن اسپتال میں تبدیل ہوگا
فائل فوٹو
21 سال سے زیر تکمیل ماں بچہ اسپتال اب چلڈرن اسپتال بنے گا، جس کی لاگت ڈیڑھ ارب روپے سے بڑھ کر 9 ارب 26 کروڑ 45 لاکھ 53 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے 8 اپریل 2005 کو 200 بیڈ کے اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ منصوبے کی ابتدائی لاگت ایک ارب 50 کروڑ روپے تھی، جو اب بڑھ کر 9 ارب 26 کروڑ 45 لاکھ 53 ہزار روپے ہو چکی ہے۔
2005 میں سنگ بنیاد رکھنے کے بعد فنڈز کے اجرا میں تاخیر کے باعث منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے منصوبہ شروع کیا، تاہم وہ بھی اسے ساڑھے 6 سال میں مکمل نہ کر سکے۔
400 بیڈ کے چلڈرن اسپتال کے لیے مالی سال 2026-27 کے پنجاب بجٹ میں 49 کروڑ 44 لاکھ 2 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں، تاہم منصوبے کی تکمیل رواں مالی سال میں بھی ممکن نہیں ہوگی۔
اسپتال کے لیے 105 کنال اراضی میونسپل کارپوریشن افسران کی رہائش گاہیں مسمار کرکے فراہم کی گئی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد راولپنڈی ڈویژن کو اپنا پہلا چلڈرن اسپتال میسر آئے گا۔