ٹرمپ کا ایران میں زمینی فوج بھیجنے کے آپشن پر غور

ایران کو جلد شکست دی جائے گی۔ایران مذاکرات کا خواہاں ہے اور معاملات کو طے کرنا چاہتا ہے۔ٹرمپ

July 16, 2026 · بام دنیا

ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف ممکنہ آئندہ اقدامات کے تحت زمینی فوج تعینات کرنے کے آپشن کا جائزہ لے رہے ہیں۔

رپورٹ میں امریکی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ زیر غور تجاویز میں آبنائے ہرمز کے قریب واقع بعض ایرانی جزائر پر فوجی کنٹرول حاصل کرنے کا امکان بھی شامل ہے۔ تاہم اس حوالے سے امریکا کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایران کو جلد شکست دی جائے گی۔ ان کے بقول ایران مذاکرات کا خواہاں ہے اور معاملات کو طے کرنا چاہتا ہے، جبکہ امریکا صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گا کہ کسی ممکنہ معاہدے کی گنجائش موجود ہے یا نہیں۔

ایرانی پلوں پر حملوں کی ممکنہ ڈیڈ لائن سے متعلق سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ کسی بھی معاملے میں ڈیڈ لائن دینا پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہیے کیونکہ اسے موجودہ صورتحال کا بخوبی علم ہے۔

ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران میں حالیہ فوجی کارروائیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے خطرہ بننے والی ایرانی فوجی صلاحیت کو محدود کرنا تھا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سیریک، اہواز، چابہار اور بندر عباس سمیت مختلف علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حالیہ حملوں میں 7 ایرانی فوجی اور 30 شہری ہلاک ہوئے ہیں، تاہم ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔