دشمن کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، ایران بھرپور جواب دے گا:قالیباف
مخالف قوتیں ایرانی عوام میں خوف، مایوسی اور اختلافات پیدا کرنا چاہتی ہیں، تاہم ایران ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران دشمن کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والا نہیں اور ملک کے خلاف ہر قسم کے دباؤ کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مخالف قوتیں ایرانی عوام میں خوف، مایوسی اور اختلافات پیدا کرنا چاہتی ہیں، تاہم ایران ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ آبنائے ہرمز ایران کے لیے اسٹریٹجک اہمیت رکھتی ہے اور بعض طاقتیں اس اہم آبی گزرگاہ میں ایران کے کردار کو محدود کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن ایران اپنے مفادات کا دفاع جاری رکھے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنگ ہو یا مذاکرات، دونوں سے متعلق فیصلے قومی سلامتی اور قومی مفاد کو سامنے رکھ کر کیے جاتے ہیں، جبکہ اس حوالے سے حتمی رہنمائی ملک کی اعلیٰ قیادت کی ہدایات کے مطابق ہوتی ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ ایران پر کسی دوسرے ملک کی مرضی مسلط کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنے ہلاک ہونے والے افراد کا بدلہ لینے کے عزم پر قائم ہے۔