بحری ناکہ بندی،امریکی فوج کا ایران جانے والے تجارتی جہاز کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ

امریکی طیارے نے ایک خالی آئل ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا، جو ایرانی بندرگاہ جزیرہ خارگ کی جانب بڑھ رہا تھا

July 16, 2026 · بام دنیا

امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے ایران جانے والے ایک تجارتی جہاز کو کارروائی کے ذریعے ناکارہ بنا دیا ہے۔

سینٹکام کے مطابق امریکی طیارے نے ایک خالی آئل ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا، جو ایرانی بندرگاہ جزیرہ خارگ کی جانب بڑھ رہا تھا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے عملے نے متعدد انتباہی پیغامات کو نظر انداز کیا، جس کے بعد کارروائی کی گئی۔

امریکی فوج کے مطابق اب تک دو تجارتی جہازوں کا رخ تبدیل کروایا جا چکا ہے، جبکہ ایران کے خلاف بحری پابندیوں پر عملدرآمد کے لیے امریکی افواج چوکس ہیں۔

دوسری جانب ایران نے بھی آبنائے ہرمز کی بندش جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک دشمن کی کارروائیاں ختم نہیں ہوتیں۔

ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر تنازع جاری رہا تو خطے سے تیل اور گیس کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ خطے سے توانائی کی برآمدات یا تو سب کے لیے ہوں گی یا پھر کسی کے لیے نہیں ہوں گی۔

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث عالمی توانائی کی ترسیل اور بحری راستوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔