آذربائیجان میں 63 سالہ خاتون پہلی بار ماں بن گئیں
38 سالہ انتظار ختم، جدید آئی وی ایف علاج سے صحت مند بچے کی پیدائش
فائل فوٹو
آذربائیجان میں 63 سالہ خاتون پہلی بار ماں بن گئیں۔ خاتون طویل عرصے سے اینڈومیٹریوسس نامی طبی پیچیدگی کا شکار تھیں، جس کے باعث حمل ٹھہرنے میں شدید رکاوٹ پیش آ رہی تھی۔ ان کی شادی کو 38 سال گزر چکے تھے اور وہ تقریباً چار دہائیوں سے بانجھ پن کے خلاف طبی علاج کروا رہی تھیں۔
تصدیق شدہ رپورٹس کے مطابق خاتون نے ایک صحت مند بیٹے کو جنم دیا ہے، جبکہ ماں اور بچہ دونوں مکمل طور پر خیریت سے ہیں۔
اس کامیاب حمل کے لیے ان وٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف/ٹیسٹ ٹیوب بے بی) کی جدید معاون تولیدی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔ خاتون کے کئی آئی وی ایف سائیکلز پہلے ناکام ہو چکے تھے، تاہم جدید فرٹیلائزیشن پروٹوکولز اور ہارمونل تھراپی کے ذریعے بالآخر کامیاب ولادت ممکن بنائی گئی۔
باکو سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ناطق مہراموف، جنہوں نے علاج کی نگرانی کی، نے بتایا کہ یہ کامیابی جدید تشخیصی اور علاجی پروگرام کی بدولت حاصل ہوئی۔ انہوں نے اس ولادت کو ایک نعمت قرار دیتے ہوئے اس مثبت نتیجے پر شکرگزاری کا اظہار کیا۔
طبی ماہرین کے مطابق اتنی زیادہ عمر میں پہلی بار بچے کو جنم دینے کے واقعات انتہائی نایاب ہوتے ہیں اور ان میں طبی خطرات بھی زیادہ ہوتے ہیں، تاہم اس کیس نے بہت سے لوگوں کو امید اور حوصلہ دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق 63 سال کی عمر میں پہلی بار کامیاب حمل اور ولادت کا یہ واقعہ دنیا بھر کے طبی ماہرین کے لیے امید کی ایک نئی کرن سمجھا جا رہا ہے اور اسے معجزے سے کم نہیں قرار دیا جا رہا۔