امریکہ نے ایران پر چھٹے روز حملوں کی نئی لہر شروع کر دی

مسلسل چھٹی رات ایرانی فوجی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔سینٹکام دعویٰ

July 17, 2026 · بام دنیا

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے۔

سینٹکام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی فوج مسلسل چھٹی رات بھی ایرانی فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے تاکہ ایران کی عسکری صلاحیتوں کو مزید کمزور کیا جا سکے۔

بیان کے مطابق حالیہ کارروائیاں ایران کی فوجی استعداد کو محدود کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جبکہ حملوں سے ہونے والے ممکنہ نقصانات یا جانی نقصان کی مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

ادھر ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اھواز، بندر عباس، بوشہر اور قشم کے شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

صوبہ خوزستان کے گورنر کے دفتر میں سکیورٹی امور کے نائب سربراہ ولی اللہ حیاتی نے خبر رساں ادارے ایلنا کو بتایا ہے کہ اھواز کے ’نواحی علاقوں‘ میں حملے ہوئے ہیں۔

فارس نیوز ایجنسی نے ہرمزگان گورنر کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ ’بندر عباس ریلوے جنکشن سٹیشن پر بھی رات گئے حملہ کیا گیا۔‘

سرکاری ادارے کا کہنا تھا کہ ’ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور صورت حال پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بوشہر میں متعدد دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ دھماکے بوشہر شہر کے اندر ہوئے۔

ادھر لرستان کے نائب گورنر نے کہا ہے کہ امریکہ نے صوبے پر فضائی حملہ کیا ہے۔ سرکاری اہلکار کے مطابق، ’چیگنی کاؤنٹی کے وزیان ضلع کے ایک مقام پر حملہ کیا گیا ہے۔

ابھی تک حملوں کے مقام کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے ایران شہر سے اطلاع دی کہ شہر کے ہوائی اڈے پر حملے میں ایک شخص زخمی ہوا۔

فارس نیوز کے مطابق، ’اس حملے کے بعد ایران شہر ہوائی اڈے کی بجلی کی تنصیبات اور ایندھن کے ٹینکوں کو نقصان پہنچا ہے۔

بوشہر کے نائب سیاسی اور سیکورٹی گورنر احسان جہانیاں نے کہا کہ صوبے پر حملوں کے نئے دور میں، ’آج صبح دشتی کاؤنٹی کے ایک مقام کو نشانہ بنایا گیا۔

انھوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ’متعدد میزائلوں‘ نے ’بوشہر ایئر بیس اور نیول بیس‘ کو نشانہ بنایا۔

ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ امریکی حملوں نے ’بندر لنگہ کے قریب‘ کو نشانہ بنایا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ بندر خمیر میں پلوں پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ حملے میں نو افراد زخمی بھی ہوئے اور زخمیوں کو اس وقت ریسکیو فورسز اور طبی عملے سے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔