آبنائے ہرمز پہلے جیسی نہیں رہے گی۔ ایران کی امریکہ کو وارننگ

امریکہ خطے کا امن خراب کر رہا ہے، حملے جاری رہے تو نتائج سنگین ہوں گے۔

July 17, 2026 · بام دنیا

ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے بعد آبنائے ہرمز کی صورتحال ماضی جیسی نہیں رہے گی اور خطے میں پیدا ہونے والی نئی صورت حال کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں ایران کی خودمختاری سے خوفزدہ ہے اور خطے کی سلامتی کو غیر مستحکم کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔

ایرانی ترجمان نے خلیجی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر خطے کے ممالک ایران کے ساتھ تعاون کریں اور امریکہ سے فاصلہ رکھیں تو اجتماعی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

ابراہیم ذوالفقاری نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایرانی بنیادی ڈھانچے کو مزید نشانہ بنایا گیا تو اس کے نتائج صرف ایران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا خطہ اس کے اثرات سے دوچار ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو تنازع مزید شدت اختیار کر کے پورے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔