ویلنشیاء سانحہ، بچوں کاوالد بیان کے بعد شخصی ضمانت پر رہا
واقعے کے روز گھر میں تیار کیے گئے کھانے کے نمونے حاصل کرکے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں
امریکا پلٹ خاتون اور بچوں کی موت،گھر سے اہم شواہد حاصل کر لیے گئے
لاہور کے علاقے ویلنشیاء ٹاؤن میں خاتون اور اس کے تین بچوں کی ہلاکت کے واقعے میں پولیس تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیشی حکام نے بچوں کے والد کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد انہیں شخصی ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق والد نے اپنے بیان میں بتایا کہ ان کی اہلیہ گزشتہ کچھ عرصے سے ذہنی دباؤ اور طبی مسائل کا شکار تھیں اور ان کا علاج بھی جاری تھا۔
بیان کے مطابق واقعے کے روز والد گھر پہنچے تو انہوں نے بچوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اہلیہ نے بتایا کہ بچے اپنی بہن کے ساتھ فلم دیکھنے گئے ہیں۔ کچھ دیر بعد گھر کے پچھلے حصے میں بچوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر وہ وہاں پہنچے، جہاں تینوں بچے مردہ حالت میں پائے گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد خاتون کی طبیعت بھی خراب ہوئی، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
والد نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر بچوں کو دی جانے والی کسی چیز میں نقصان دہ مواد شامل ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ فرانزک رپورٹس اور مکمل تحقیقات کے بعد ہی کیا جائے گا۔
پولیس اور فرانزک ٹیمیں شواہد کا جائزہ لے رہی ہیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔