قومی اتحاد ایران کی طاقت،خامنہ ای کا پیغام ہمارا سرمایہ ہے۔صدر پزشکیان

ایران کے مفادات کے تحفظ کیلئے قومی ہم آہنگی ضروری ہے: مسعود پزشکیان

July 19, 2026 · بام دنیا

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا قومی اتحاد پر مبنی پیغام ایران کے مفادات، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے نہایت اہم حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور باہمی ہم آہنگی ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا مؤثر راستہ ہے۔

صدر پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ اختلافات اور داخلی تقسیم سے اجتناب کرتے ہوئے قومی اتحاد کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام طبقات کو مشترکہ قومی مفادات کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہیے تاکہ ملک کو درپیش مسائل کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایرانی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا نے متعدد بار مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کی، جس سے یہ واضح ہو گیا کہ امریکی صدر کے دستخط پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرکے نئی تاریخ رقم کی ہے۔