اسرائیل سے متعلق ووٹ پر متعدد امریکی ارکانِ کانگریس کی فنڈنگ روکنے کا فیصلہ
اے آئی پیک نے اپنے آن لائن فنڈ ریزنگ پلیٹ فارم سے ان قانون سازوں کے نام اور ان کے لیے چندہ جمع کرنے کا آپشن ہٹا دیا ہے
واشنگٹن: امریکا کے بااثر اسرائیل نواز لابنگ گروپ امریکن اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی (AIPAC) نے اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد محدود یا روکنے کی حمایت کرنے والے متعدد ڈیموکریٹ ارکانِ کانگریس کی مالی معاونت بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اے آئی پیک نے اپنے آن لائن فنڈ ریزنگ پلیٹ فارم سے ان قانون سازوں کے نام اور ان کے لیے چندہ جمع کرنے کا آپشن ہٹا دیا ہے۔ ماضی میں یہی تنظیم ان ارکان کی انتخابی مہم کی حمایت اور مالی معاونت کرتی رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس فیصلے سے ایوانِ نمائندگان کے کم از کم 15 ڈیموکریٹ ارکان متاثر ہوئے ہیں، جنہیں تنظیم نے آئندہ انتخابات کے لیے پہلے حمایت بھی فراہم کی تھی۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ متاثرہ قانون سازوں نے حالیہ عرصے میں اسرائیل کو امریکی فوجی امداد محدود کرنے یا روکنے سے متعلق قراردادوں کی حمایت کی تھی، جس کے بعد اے آئی پیک نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کی۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں متعدد ارکانِ کانگریس انتخابی مہم کے دوران اہم مالی معاونت سے محروم ہو سکتے ہیں، جس کے سیاسی اثرات آئندہ انتخابات میں بھی نمایاں رہنے کا امکان ہے۔
اے آئی پیک امریکا کے مؤثر اسرائیل نواز لابنگ گروپس میں شمار ہوتا ہے، جو امریکی سیاست میں اسرائیل سے متعلق پالیسیوں، انتخابی مہمات اور سیاسی حمایت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت امریکا میں اسرائیل اور غزہ سے متعلق جاری سیاسی بحث کو مزید تیز کر سکتی ہے اور آئندہ انتخابی ماحول پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔