ایران کے صوبہ کرمانشاہ میں 5.5 شدت کا زلزلہ
گہرائی تقریباً 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 13 منٹ پر آیا۔
تہران: ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ میں پیر کی صبح 5.5 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری احتیاطاً گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔
ایرانی سیسمولوجیکل حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز کرمانشاہ صوبے کے علاقے کوزران کے قریب تھا، جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 13 منٹ پر آیا۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز کوزران سے تقریباً 17 کلومیٹر اور صوبائی دارالحکومت کرمانشاہ سے لگ بھگ 65 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا، جس کے باعث قریبی علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے بعد شہری بڑی تعداد میں کھلے مقامات پر جمع ہو گئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان یا بڑے مالی خسارے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ حکام نے عوام سے محتاط رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔