امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش
دونوں نے مشترکہ بیان میں اپنے بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نومولود کا نام الیک نیل وینس رکھا گیا ہے۔
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کی اہلیہ اوشا وینس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ دونوں نے مشترکہ بیان میں اپنے بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نومولود کا نام الیک نیل وینس رکھا گیا ہے۔
بیان کے مطابق بچے کی پیدائش میری لینڈ کے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں ہوئی۔ جے ڈی وینس نے کہا کہ والدہ اور نومولود دونوں خیریت سے ہیں، جبکہ خاندان کے دیگر بچے بھی اپنے نئے بھائی کی آمد پر بے حد خوش ہیں۔
جے ڈی وینس اور اوشا وینس کی ملاقات ییل لا اسکول میں تعلیم کے دوران ہوئی تھی اور دونوں نے 2014 میں شادی کی۔ اس سے قبل ان کے ہاں تین بچوں کی پیدائش ہو چکی ہے، جن میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
امریکی ذرائع کے مطابق الیک نیل وینس گزشتہ ڈیڑھ صدی سے زائد عرصے میں کسی حاضر سروس امریکی نائب صدر کے ہاں پیدا ہونے والا پہلا بچہ ہے۔ اس سے قبل 1870 میں اس وقت کے نائب صدر شوائلر کولفیکس کے ہاں دورانِ عہدہ بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
جے ڈی وینس اس سے قبل امریکی بحریہ میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور مختلف مواقع پر امریکہ میں شرحِ پیدائش میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ وہ عوامی بیانات میں خاندانوں کی حوصلہ افزائی اور بچوں کی تعداد میں اضافے کی حمایت بھی کرتے رہے ہیں۔