ایران کا کویت میں امریکی ریڈار تنصیبات تباہ کرنے کا دعویٰ

کویت کے احمد الجابر ایئر بیس پر موجود ایسے ریڈار اور دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا جو پیشگی نشاندہی اور دفاعی کارروائیوں کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔

July 21, 2026 · بام دنیا

 ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں واقع ایک فوجی اڈے پر امریکی ریڈار اور دفاعی نظام کو نشانہ بنایا ہے، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ منگل کی صبح کی کارروائی کے دوران کویت کے احمد الجابر ایئر بیس پر موجود ایسے ریڈار اور دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا جو ممکنہ حملوں کی پیشگی نشاندہی اور دفاعی کارروائیوں کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔

ایرانی بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اس کارروائی کے بعد مستقبل میں ڈرون اور میزائل حملوں کے لیے راستہ مزید آسان ہو گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) اور کویتی حکام کی جانب سے اس دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ کسی آزاد ذریعے سے بھی اس کارروائی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث صورتحال بدستور حساس ہے اور دونوں جانب سے سامنے آنے والے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔