حوثیوں کی دھمکی پر سعودی عرب کا سخت ردعمل

سعودی عرب خطے میں بحری نقل و حرکت، بین الاقوامی تجارت اور سمندری راستوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بدستور ادا کرتا رہے گا۔

July 21, 2026 · بام دنیا

 سعودی عرب نے یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی بندرگاہوں تک بحری آمدورفت روکنے سے متعلق بیانات کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت پر یمن کا محاصرہ کرنے کے الزامات حقیقت پر مبنی نہیں، جبکہ سعودی عرب خطے میں بحری نقل و حرکت، بین الاقوامی تجارت اور سمندری راستوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بدستور ادا کرتا رہے گا۔

یہ ردعمل حوثی گروپ کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں سعودی بندرگاہوں کی جانب بحری آمدورفت روکنے کی کوشش کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں، جبکہ اہم بحری راستوں اور عالمی تجارتی سرگرمیوں پر بھی ممکنہ اثرات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

تاحال اس معاملے پر مزید پیش رفت کا انتظار ہے، تاہم خطے کی مجموعی صورتحال پر عالمی برادری کی بھی گہری نظر ہے۔