پاسدارانِ انقلاب کا اردن میں امریکی ایف15 طیارہ تباہ کرنے کا دعویٰ
میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظاموں کو بھی نشانہ بنایا گیا
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دوران ایک امریکی ایف-15 لڑاکا طیارہ اس کے ہینگر میں تباہ کر دیا گیا۔
بی بی سی فارسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظاموں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں ایک میزائل دفاعی ریڈار سسٹم کو نقصان پہنچانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران ایران نے اردن میں مختلف مقامات پر متعدد حملوں کا دعویٰ کیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب چند گھنٹے قبل امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے تصدیق کی تھی کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر ہونے والے ایرانی حملوں میں تقریباً 100 امریکی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
تاحال امریکی حکام کی جانب سے ایران کے اس تازہ دعوے کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ صورتحال پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔