بھارتی ریاست سکم میں ہائیڈروپاور پراجیکٹ کی ٹنل گرنے سے9مزدور ہلاک

15 لاپتہ۔ امدادی کارروائیاں جاری

July 21, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

 بھارتی ریاست سکم میں زیرِ تعمیر ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کی سرنگ گرنے کے نتیجے میں کم از کم 9 مزدور ہلاک ہو گئے،  15 مزدور اب بھی سرنگ میں پھنسے ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حادثہ دریائے تیستا پر قائم سرکاری پن بجلی منصوبے کی تعمیر کے دوران پیش آیا۔

سکم اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر راجیو روکا نے بتایا کہ سرنگ میں تقریباً 25 سے 27 افراد پھنس گئے تھے، جن میں سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ باقی مزدوروں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ سرنگ کسی دھماکے کے باعث منہدم ہوئی، تاہم حادثے کی اصل وجہ کا تعین ابھی تک نہیں ہو سکا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ زمین چٹانوں سے خارج ہونے والی زہریلی میتھین گیس امدادی کارروائیوں میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہے، جس کے باعث صرف آکسیجن آلات سے لیس امدادی ٹیموں کو سرنگ کے اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 2023 میں بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں سرنگ گرنے کے ایک اور بڑے حادثے میں 41 مزدور 17 روز تک پھنسے رہنے کے بعد بحفاظت نکال لیے گئے تھے۔