نیویارک کے میئر ظہران مامدانی نے نیتن یاہو کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا

ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر نیتن یاہو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے امریکا آتے ہیں تو انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

July 22, 2026 · بام دنیا

نیویارک کے میئر ظہران مامدانی نے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ کے پاس اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے وارنٹِ گرفتاری پر عمل درآمد کا قانونی اختیار موجود نہیں، تاہم انہوں نے امریکی وفاقی حکومت سے اس معاملے میں کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہران مامدانی نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نیتن یاہو کی ممکنہ نیویارک آمد کے تناظر میں قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا کہ شہر کی انتظامیہ آئی سی سی کے وارنٹ پر خود عمل درآمد نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے مطابق بنیامین نیتن یاہو کو جنگی جرائم کے الزامات کا سامنا ہے اور ایسے تمام افراد کو، جن کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت نے کارروائی کی ہو، قانون کے مطابق عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہیے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر نیتن یاہو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے امریکا آتے ہیں تو انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

ادھر اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر نے ظہران مامدانی کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر بین الاقوامی فوجداری عدالت کے مؤقف کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس معاملے نے ایک بار پھر بین الاقوامی قانون، امریکی سیاست اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سے متعلق بحث کو نئی شدت دے دی ہے۔