موٹروے زیادتی کیس،دونوں مجرموں کی سزائے موت برقرار، اپیلیں مسترد
موٹروے زیادتی کیس کا مقدمہ 9 ستمبر 2020 کو لاہور کے تھانہ گجرپورہ میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے موٹروے زیادتی کیس میں سزا یافتہ دونوں مجرموں عابد علی اور شفقت عرف بگا کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔
جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی سزا کو برقرار رکھا۔ عدالت نے دونوں مجرموں کی سزائے موت کی توثیق کرتے ہوئے ڈیتھ ریفرنس بھی منظور کر لیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈی این اے، میڈیکل اور فرانزک شواہد نے ملزمان کے جرم کو ثابت کیا۔ عدالت نے متاثرہ خاتون کی گواہی کو قابل اعتماد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سزا برقرار رکھنے کے لیے کافی ہے۔
فیصلے کے مطابق فرانزک شواہد نے استغاثہ کے مؤقف کو مضبوط کیا جبکہ ڈی این اے شواہد نے ملزمان کو جائے وقوعہ سے منسلک کیا۔ عدالت نے شناختی پریڈ کو بھی قانونی اور شفاف قرار دیتے ہوئے دفاع کے اعتراضات مسترد کر دیے۔
لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ریاست کی جانب سے سزا میں اضافے کی اپیل بھی مسترد کر دی۔
واضح رہے کہ موٹروے زیادتی کیس کا مقدمہ 9 ستمبر 2020 کو لاہور کے تھانہ گجرپورہ میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔