3باروزیراعظم بننے والارائے ونڈکاشہری آزادکشمیر میں بھی وزارت عظمیٰ چاہتاہے،بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی کا میرپورمیں انتخابی جلسہ سے خطاب

July 22, 2026 · اہم خبریں

آزاد کشمیر میں احتجاج کرنے والے غلط ہوں گے لیکن سزا پورے کشمیر کو مل رہی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی/ فوٹو: سوشل میڈیا

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 3بار وزیراعظم بننے والا رائے ونڈ کا شہری آزاد کشمیر میںوزیراعظم بننا چاہتا ہے، کشمیری فیصلہ کریں کشمیریوں کو حقوق دینے ہیں یا رائے ونڈ والوں کو حقوق دینے ہیں۔ کہتے تھے گلگت بلتستان کو لاہور بنا دیں گے، بنانا تھا تو جب پہلی بار وزیراعظم بنے تب بنا دیتے، جب تیسری بار وزیراعظم بنے تب بنا دیتی، چوتھی بار بھائی وزیراعظم بنا اب بنا دیں، آپ تو قصور کو لاہور نہیں بنا سکے۔

میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کا میرپور سے تعلق تین نسلوں پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر بیرسٹر سلطان محمود نے ان کی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ان کے والد نے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ کام کیا، آج قاسم مجید ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ان کے والد بھی ماضی میں پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ وابستہ رہے۔

بلاول کا کہناتھاکہ آزاد کشمیر میں انتخابات معمول کے نہیں بلکہ خطے کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، اس لیے عوام ایسا فیصلہ کریں جس سے آزاد کشمیر کا مستقبل روشن ہو اور مسائل میں اضافہ نہیں بلکہ کمی آئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر اسمبلی میں دو تہائی اکثریت ملی تو وہ قانون میں ایسی ترمیم کریں گے جس سے آزاد کشمیر کے عوام اور مہاجرین، دونوں کو انصاف ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ان انتخابات میں واحد سیاسی جماعت ہیں جو مہاجرین کی بارہ نشستوں کے ساتھ بھی انصاف چاہتی ہے۔ میری نظر میں جب کوئی یہ سمجھتا ہے کہ یہ12 نشستیں اس کی جیب میں ہیں، تو یہ نہ صرف مہاجرین بلکہ آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ بھی ناانصافی ہے۔