بھارت نے سلال ڈیم پورا کھول دیا۔ چناب میں اونچے درجے کا سیلاب۔ سیالکوٹ اور وزیر آباد کو خطرہ
متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور دریا کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت جاری
بھارت نے سلال ڈیم پورا کھول دیا ،دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث مختلف مقامات پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، محکمہ موسمیات اور محکمہ انہار نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور دریا کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ۔
محکمہ آبپاشی پنجاب کے مطابق بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھولنے کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے سے نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال پر انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ آبپاشی نے سیالکوٹ اور وزیر آباد کے علاقوں میں ہنگامی اقدامات شروع کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہیڈ خانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 14 ہزار 330 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 8 ہزار 903 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ہیڈ مرالہ پر بھی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 75 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے، اخراج 2 لاکھ 58 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق پانی کے دباؤ میں اضافے کے باعث نشیبی علاقوں کی صورتحال پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔
اسی طرح قادر آباد بیراج پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 58 ہزار 539 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 43 ہزار 539 کیوسک رہا۔
محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کی مجموعی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر محکموں کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے دریا کی قریبی آبادیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر فوری عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔