ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ڈاکو اپنےساتھیوں کی فائرنگ سےہلاک
ایس آئی یو کے مطابق چھاپے کے دوران فرار ملزمان کی فائرنگ میں گرفتار ڈاکو مارےگئے
فوٹو: سوشل میڈیا
کراچی: ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ڈاکو اپنے فرار ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے دعویٰ کیا ہے کہ گلشنِ معمار کے علاقے عمر بروہی گوٹھ میں گرفتار ڈاکوؤں کی نشاندہی پر ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا، جہاں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔
ایس آئی یو کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
13 جولائی کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں بینک کے باہر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان ڈاکٹر آکاش جاں بحق ہوگئے تھے، ملزمان بینک سے نکالے گئے 50 لاکھ روپے میں سے 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں پولیس نے تفتیشی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں جمع کرائی تھی، جس میں واردات میں ایک نامعلوم خاتون کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق کلفٹن کے علاقے تین تلوار کے قریب ڈکیتی کے دوران ڈاکٹر آکاش کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے میں گرفتار ملزمان بینکوں کے باہر رقم چھیننے اور تاجروں کو لوٹنے کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔