امریکی جیل میں وینزویلا کے معزول صدر کا روحانی سفر،قرآن مجید اور انجیل کا مطالعہ شروع کردیا

63 سالہ نکولس مادورو بروکلن کی جیل میں قید ہیں، جہاں وہ اپنا زیادہ تر وقت مذہبی کتابیں پڑھنے میں گزارتے ہیں

November 11, 2026 · بام دنیا
امریکی جیل میں وینزویلا کے معزول صدر کا روحانی سفر،قرآن مجید اور انجیل کا مطالعہ شروع کردیا

امریکی جیل میں وینزویلا کے معزول صدر کا روحانی سفر،قرآن مجید اور انجیل کا مطالعہ شروع کردیا

نیویارک: وینزویلا کے معزول صدر نکولس مادورو نے امریکی جیل میں قرآن مجید، انجیل اور دیگر مذہبی کتابوں کا مطالعہ شروع کردیا ہے۔ جیل میں ان کے حالات سے واقف افراد کے مطابق مادورو روحانیت کی جانب متوجہ ہوگئے ہیں اور مذہبی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کررہے ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ نکولس مادورو بروکلن کی جیل میں قید ہیں، جہاں وہ اپنا زیادہ تر وقت مذہبی کتابیں پڑھنے میں گزارتے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ایک عیسائی پادری اور یہودی مذہبی پیشوا سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مادورو ماضی سے ہی روحانیت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ پہلے بھی یہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ ان کے آباؤ اجداد یہودی تھے اور ان کا تعلق ایک سفاردی یہودی خاندان سے تھا، جو گزشتہ صدی میں ڈچ اینٹیلیز سے ہجرت کرکے وینزویلا آباد ہوا تھا۔

تاہم مادورو کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ گرفتاری سے قبل انہوں نے یہودیت میں خاص دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔

مادورو نے اپنے سیاسی دور میں وینزویلا کی بڑھتی ہوئی ایوینجلیکل عیسائی برادری کی حمایت حاصل کرنے کی بھی کوشش کی۔ وہ خود کو عملی طور پر کیتھولک قرار دیتے رہے اور ایک ایسے پادری سے قریبی تعلق رکھتے تھے جو ان کے سوشلسٹ نظریات کا حامی تھا۔

رپورٹ کے مطابق مادورو، ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس اور ان کی جانشین ڈیلیسی روڈریگیز بھارتی صوفی گرو ستیہ سائی بابا کے پیروکار بھی رہے ہیں۔

نکولس مادورو کو امریکا میں کوکین کی بڑی مقدار اسمگل کرنے میں مبینہ سہولت کاری سمیت سنگین الزامات کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان کے خلاف مقدمے کی سماعت آئندہ سال متوقع ہے۔ ان کی 70 سالہ اہلیہ سیلیا فلوریس کو بھی اسی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، تاہم الزامات پر عدالت کا حتمی فیصلہ آنا باقی ہے۔