پیرو میں پوپ لیو کے استقبال کی تیاریاں، 46 فٹ بلند دیوہیکل مجسمہ نصب

اس مجسمے کو دارالحکومت سے مختلف حصوں میں منتقل کیا گیا، جس کے بعد بھاری کرینوں کی مدد سے ساحل کے قریب ایک پارک میں نصب کیا گیا۔

November 11, 2026 · بام دنیا
پیرو میں پوپ لیو کے استقبال کی تیاریاں، 46 فٹ بلند دیوہیکل مجسمہ نصب

پیرو میں پوپ لیو کے استقبال کی تیاریاں، 46 فٹ بلند دیوہیکل مجسمہ نصب

پیرو: جنوبی امریکی ملک پیرو کے ساحلی شہر کالاؤ میں پوپ لیو چہاردہم کا 14 میٹر یعنی 46 فٹ بلند دیوہیکل مجسمہ نصب کردیا گیا ہے، جسے پوپ کے لیے دنیا کا سب سے بڑا مجسمہ قرار دیا جارہا ہے۔

اسٹیل، فائبر گلاس اور رال سے تیار کیے گئے اس مجسمے کو دارالحکومت سے مختلف حصوں میں منتقل کیا گیا، جس کے بعد بھاری کرینوں کی مدد سے ساحل کے قریب ایک پارک میں نصب کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مجسمے کی تیاری میں مجسمہ ساز رافیل گوٹیریز اور ڈیوی وونگ نے اہم کردار ادا کیا۔ مجسمے کے چہرے کے خدوخال اس انداز میں تراشے گئے ہیں کہ ان سے امن اور سکون کا پیغام نمایاں ہو۔

یہ مجسمہ پوپ لیو چہاردہم کی پیرو سے دیرینہ وابستگی کے اعتراف میں بنایا گیا ہے۔ وہ ویٹیکن منتقل ہونے سے قبل تقریباً دو دہائیوں تک پیرو میں مشنری پادری اور بشپ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے، جبکہ شہر چیکلیو کے بشپ بھی رہ چکے ہیں۔

مجسمے کی رونمائی پوپ کے جنوبی امریکا کے تاریخی دورے سے قبل کی گئی ہے۔ اس دورے میں پیرو کے دارالحکومت لیما کے علاوہ چیکلیو، پوکالپا اور کسکو کے دورے بھی شامل ہیں۔

مقامی حکام کو امید ہے کہ یہ دیوہیکل مجسمہ عوام میں اتحاد اور امید کا پیغام پھیلانے کے ساتھ مذہبی سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔