راولپنڈی میں 14 سالہ شاگرد سے مبینہ زیادتی، فیکٹری استاد کے خلاف مقدمہ درج
بچے کو طبی معائنے کے لیے منتقل کیا گیا جبکہ مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں
راولپنڈی: تھانہ سول لائن کے علاقے گلستان کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک فیکٹری میں کام سیکھنے والے 14 سالہ بچے سے مبینہ زیادتی اور تشدد کے الزام میں استاد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچے کے والد کی درخواست پر فیکٹری استاد اسد جہانگیر کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔ بچے کے والد نے بتایا کہ ان کا بیٹا پلاسٹک کے دروازے بنانے والی فیکٹری میں کام سیکھ رہا تھا۔
والد کے مطابق فیکٹری استاد کی جانب سے فون آنے پر انہیں بتایا گیا کہ بچے کی طبیعت خراب ہو گئی ہے اور اسے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ہسپتال پہنچنے پر بچے نے مبینہ طور پر واقعے سے متعلق والد کو آگاہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو طبی معائنے کے لیے منتقل کیا گیا جبکہ مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔