جیفری ایپسٹین کے ساتھی ڈینیئل سیاد کی فرانس میں پراسرار موت
ڈینیئل سیاد کے خلاف مبینہ زیادتی اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق تحقیقات جاری تھیں۔
پیرس: بدنام زمانہ امریکی شہری جیفری ایپسٹین سے تعلق رکھنے والے ماڈل اسکاؤٹ ڈینیئل سیاد فرانس میں پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 69 سالہ ڈینیئل سیاد کی لاش فرانس کے شہر کولومب میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ملی۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا۔
فرانسیسی حکام کے مطابق ڈینیئل سیاد کے خلاف مبینہ زیادتی اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق تحقیقات جاری تھیں۔ ان کا نام جیفری ایپسٹین سے متعلق سامنے آنے والی ہزاروں دستاویزات میں بھی شامل کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال موت کی وجوہات واضح نہیں ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی مزید معلومات سامنے آ سکیں گی۔