5 اگست کاجلسہ فیصلہ کن ہوگا،آئندہ لائحہ عمل کااعلان کریں گے:سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ کا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور پرامن احتجاج کے حق پر زور
فائل فوٹو
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 5 اگست کا جلسہ سیمی فائنل اور فیصلہ کن ہوگا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
پشاور میں پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسے کی تیاریوں کے لیے تمام پارلیمانی اراکین کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، جبکہ عوام کی سہولت کے پیش نظر جلسے کا مقام تبدیل کرکے پشاور موٹروے کے قریب کھلے میدان میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 15 اکتوبر 2025 سے تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کیے اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم مخالفین نے ان مثبت کوششوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔
محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا، بطور وزیراعلیٰ اپنی جماعت کے قائد سے ملاقات ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، جبکہ صوبے کے فیصلے بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ دیا، ان کے مینڈیٹ کو مسترد کرنا ساڑھے چار کروڑ عوام کی توہین ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاق خیبرپختونخوا کی منتخب حکومت کے ساتھ دوسرے درجے کے شہری جیسا سلوک کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی، بہنوں اور ذاتی ڈاکٹروں کو ملاقات اور بہترین علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی غیرجانبدار تحقیقات سے حقائق سامنے آ جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام بیانیوں کے باوجود مسائل حل نہیں ہوئے، اس لیے اب پرامن احتجاج ہی آخری آئینی راستہ ہے اور آئین ہر شہری کو اس کا حق دیتا ہے۔