ایل اے 6 کے امیدوار علی شان سونی گرفتار، 24 افراد کے خلاف مقدمہ درج
پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی، بیلٹ بکس لے جانے اور انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات کے تحت کارروائی کی گئی
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران ایل اے 6 بھمبر سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار علی شان سونی کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
ضلعی پولیس حکام کے مطابق ان پر پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی، بیلٹ بکس لے جانے اور انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات کے تحت کارروائی کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران مبینہ طور پر پولنگ اسٹیشن سے لے جایا گیا
انتخابی سامان اور بیلٹ بکس بھی تحویل میں لے لیے گئے، جبکہ علی شان سونی سمیت 24 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے میرپور ڈویژن میں ہونے والے انتخابات کے ابتدائی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو برتری حاصل ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
میرپور، کوٹلی اور بھمبر پر مشتمل 13 انتخابی حلقوں میں پیر کے روز پولنگ کا عمل مکمل ہوا۔ مقررہ وقت شام 5 بجے ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کے لیے اضافی وقت بھی دیا گیا۔ اب تک سامنے آنے والے 10 حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 7 نشستوں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
حتمی نتائج کا اعلان الیکشن حکام کی جانب سے تمام مراحل کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔