زین الدین زیڈان فرانس کی قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈکوچ مقرر
سابق کپتان 2030 ورلڈ کپ کوالیفائنگ مرحلے تک فرانسیسی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
فائل فوٹو
پیرس: فرانس کے سابق کپتان زین الدین زیڈان کو فرانس کی قومی فٹبال ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
زین الدین زیڈان، دیدیے دیشامپ کی جگہ سنبھالیں گے اور 2030 ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے تک فرانسیسی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
اپنی تقرری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے زیڈان نے کہا کہ فرانس کی قومی ٹیم کی کوچنگ ان کے لیے بے حد فخر کا باعث ہے اور یہ ان کا خواب بھی تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مختلف کلبوں کی کوچنگ کی کئی پیشکشیں ہوئیں، تاہم انہوں نے تمام پیشکشیں مسترد کر دیں کیونکہ وہ صرف فرانس کی قومی ٹیم کی کوچنگ کرنا چاہتے تھے۔
زیڈان نے کہا کہ وہ اس چیلنج کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے تاکہ ٹیم کو کامیابی دلائی جا سکے۔
54 سالہ زین الدین زیڈان فرانس کی تاریخ کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 1998 کے ورلڈ کپ میں فرانس کو پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنایا، جبکہ 2006 کے ورلڈ کپ میں وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ تاہم فائنل میں اٹلی کے مارکو ماتراتسی کو سر سے ٹکر مارنے پر انہیں ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا۔
زیڈان نے بطور کوچ ریال میڈرڈ کے ساتھ مسلسل تین یوئیفا چیمپئنز لیگ ٹائٹل جیتے، جبکہ ٹیم کو دو مرتبہ ہسپانوی لیگ لالیگا کا چیمپئن بھی بنایا۔ مئی 2021 میں ریال میڈرڈ کی کوچنگ چھوڑنے کے بعد سے وہ کسی بھی ٹیم کی ذمہ داری نہیں سنبھال رہے تھے۔