الیکشن میں فیصلہ عوام کرتے ہیں،دھاندلی کا الزام لگانےوالے شکست قبول کریں:مریم نواز
آزاد کشمیر انتخابات پر بلاول کے بیان کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب کا ردعمل
فائل فوٹو
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کا فیصلہ ریاست نہیں بلکہ عوام کرتے ہیں، مخالفین کو دھاندلی کا الزام لگانے کے بجائے شکست کو قبول کرنا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جس طرح کی زبان استعمال کی، اس پر افسوس ہے، انہیں کھلے دل سے اپنی ہار تسلیم کرنی چاہیے تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوام نے پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیا تو اسے قبول کیا گیا، لیکن گلگت بلتستان میں کامیابی پر الیکشن درست اور آزاد کشمیر میں شکست پر الیکشن غلط کیسے ہو سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں ہی آزاد کشمیر کے حالات خراب ہوئے۔
مریم نواز نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں 17 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، تاہم بلاول سندھ حکومت کی کارکردگی نہ بتا سکے اور نہ ہی کوئی روڈ میپ دے سکے۔ ان کے مطابق پیپلزپارٹی کے پاس آزاد کشمیر کے عوام کو دکھانے کے لیے اپنی کارکردگی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 17 سال سے سندھ میں حکومت کے باوجود پیپلزپارٹی کے پاس بتانے کے لیے ایک پروجیکٹ تک نہیں، اور وہ یہ بھی نہیں کہہ سکے کہ آزاد کشمیر کو سندھ یا کراچی جیسا بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کارکردگی دکھانے کے لیے کچھ نہ ہونے پر اب دھاندلی کا رونا رویا جا رہا ہے۔ کشمیر میں لوگ صحت کی سہولیات مانگ رہے ہیں، کارکردگی کا جائزہ اور خود احتسابی کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سندھ میں صفائی، امن و امان اور سڑکوں کے نظام کو بہتر کیا جائے، جمہوریت کے فروغ کے لیے عوام کے فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کے جلسے خالی تھے اور عوام نے شرکت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن کی اپنی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، وہ آزاد کشمیر کی سڑکیں کیسے بہتر کر سکتے ہیں۔