آپ فارم47کی بنیاد پرحکومت پرقابض ہیں،شرجیل میمن کی تنقید

آپ تخت لاہور پر زبردستی قابض ہیں،چیلنج ہے کہ پنجاب میں دوبارہ الیکشن لڑ کر دکھا دیں ، میڈیا سے گفتگو

July 28, 2026 · اہم خبریں, قومی

2024 کے الیکشن میں آپ کو بدترین شکست ہوئی اور سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیے، شرجیل میمن - فوٹو: فائل

اسلام آباد: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فارم 47 کی بنیاد پر حکومت پر قابض ہیں، چیلنج ہے کہ پنجاب میں دوبارہ الیکشن لڑ کر دکھا دیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی، جبکہ مریم نواز کی گفتگو چوری اور سینہ زوری ہے۔

سندھ کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت خیراتی مینڈیٹ پر بیٹھی ہوئی ہے اور ن لیگ فارم 47 کی پیداوار ہے۔ ان کے مطابق 2024 کے انتخابات میں ن لیگ کو بدترین شکست ہوئی جبکہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی سے بھی پوچھ لیں، آپ کو ووٹ نہیں ملا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب میں کام کیا ہے اور مقبول ہیں تو استعفیٰ دے کر دوبارہ الیکشن لڑیں۔

شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ معاہدے کر کے ملک سے باہر چلی گئی، جبکہ وہ لوگ بھاگے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر صبح تک میرپور ڈویژن میں موجود تھے اور انتظامیہ پر اثر انداز ہو رہے تھے۔ ان کے مطابق وفاقی وزرا نے الیکشن کمیشن کے ضابطوں کی خلاف ورزی کی۔

سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کو کرنے دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت میں زبردستی آ کر بیٹھے ہیں اور اب آزاد کشمیر میں بھی زبردستی حکومت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے پیپلز پارٹی کے کسی جلسے میں شرکت نہیں کی، جبکہ وفاقی وزرا الیکشن مہم کے لیے جلسے کرتے رہے۔ ان کا الزام تھا کہ انتخابات سے تین دن پہلے وہاں گرین بسیں بھجوائی گئیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے، جبکہ دوسری جماعت اقتدار کی ہوس میں ہر ناجائز طریقہ اختیار کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ تخت لاہور پر زبردستی قابض ہیں، ڈنڈے کے زور پر نشست چھینی جا سکتی ہے لیکن عوام کے دلوں میں محبت حاصل نہیں کی جا سکتی۔

سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان کی بہترین طبی سہولیات سندھ میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) جب بھی وفاق میں حکومت میں رہی، اس نے سندھ کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک سے لوگ علاج کے لیے سندھ آتے ہیں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پورے ملک میں سب سے بہتر سندھ میں کام کر رہی ہے۔