1910 میں لی گئی کتابیں 2026 میں لائبریری پہنچ گئیں
مسٹر او سلیوان حال ہی میں لینروسٹ لائبریری آئے اور وہ دو کتابیں واپس کیں جو ان کے دادا والٹر گرفتھ اوون نے 1910 میں لائبریری سے حاصل کی تھیں۔
برطانیہ میں ایک منفرد واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک شخص نے 116 سال قبل لائبریری سے حاصل کی گئی دو کتابیں واپس کر دیں، جو ان کے دادا نے گزشتہ صدی کے آغاز میں ادھار لی تھیں۔
لائبریری انتظامیہ کے مطابق مسٹر او سلیوان حال ہی میں لینروسٹ لائبریری آئے اور وہ دو کتابیں واپس کیں جو ان کے دادا والٹر گرفتھ اوون نے 1910 میں لائبریری سے حاصل کی تھیں۔
لائبریری کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ والٹر گرفتھ اوون نے پہلی اور دوسری عالمی جنگ کے دوران خدمات انجام دیں، جبکہ دوسری جنگِ عظیم کے دوران ان کی تعیناتی کونوی کے علاقے میں رہی۔
لائبریری کے عملے نے اس غیر معمولی واقعے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک صدی سے زائد عرصے بعد ان تاریخی کتابوں کو دوبارہ وصول کرنا ان کے لیے یادگار لمحہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے نہ صرف کتابوں کی اہمیت کو اجاگر کیا بلکہ خاندانی امانت داری کی خوبصورت مثال بھی پیش کی۔
یہ منفرد واقعہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں صارفین نے مسٹر او سلیوان کی دیانت داری اور اپنے دادا کی ادھار لی گئی کتابیں واپس کرنے کے جذبے کو خوب سراہا۔