کراچی میں کامیاب کاروبار شروع کرنے والے نوجوان میر رضا علی کی گمشدگی اور قتل کی تفصیلات سامنے آگئیں

25 سالہ میر رضا علی منگل 28 جولائی کی صبح تقریباً 4 بجے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں اپنے گھر سے باہر نکلے تھے

July 30, 2026 · جرم وسزا

شہر قائد میں ایک المناک واقعے نے بزنس حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑا دی ۔ مقبول ڈیزرٹ چین “وافلکس” کے نوجوان مالک میر رضا علی کو اغوا کے ایک روز بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ ان کی لاش بدھ کو گلستانِ جوہر بلاک 1 سے برآمد ہوئی۔

پولیس اور اہلِ خانہ کے مطابق، 25 سالہ میر رضا علی منگل 28 جولائی کی صبح تقریباً 4 بجے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں اپنے گھر سے باہر نکلے تھے۔ والدہ سے کہا کہ دس منٹ میں واپس آ جائیں گے، مگر وہ گھر نہیں لوٹے۔ ان کا موبائل فون بند ملنے پر اہلِ خانہ نے ان کی تلاش شروع کی اور فیروز آباد پولیس اسٹیشن میں اغوا کا مقدمہ درج کروایا۔

اگلے ہی روز یعنی بدھ کو ایڈھی عملے اور پولیس نے گلستانِ جوہر بلاک 1 میں ایک شادی ہال کے قریب جھاڑیوں سے لاش برآمد کی۔ لاش کی شناخت ان کے والد نے کی۔ ابتدائی معائنے میں لاش پر گولی کے واضح زخم، جلنے کے نشانات اور تیزاب ڈالنے کے آثار پائے گئے۔ پولیس کا خیال ہے کہ ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے لاش پر تیزاب کا استعمال کیا۔

تفتیش کاروں کے مطابق، نوجوان تاجر کو اغوا کے بعد شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پھر گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ لاش ایک سے ڈیڑھ دن پرانی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے، جو موت کی وجہ اور وقت کی تصدیق کرے گی۔

پولیس نے بتایا کہ میر رضا علی نے گھر سے نکلنے سے پہلے آن لائن ٹیکسی بک کی تھی۔ یہ ڈیجیٹل سراغ اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ملزمان کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ ایس ایچ او کامران قریشی سمیت تفتیشی ٹیم فعال ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھان بین جاری ہے۔

واقعے نے کراچی کے بزنس کمیونٹی میں دہشت پھیلا دی ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگ میر رضا علی کے قتل کی شدید مذمت کر رہے ہیں اور شہر میں بڑھتے جرائم پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

میر رضا علی کراچی کے ابھرتے ہوئے فوڈ اینڈ بیوریج سیکٹر میں ایک ہونہار نوجوان entrepreneur کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے اچانک جانے سے ان کے اہلِ خانہ اور دوست احباب میں غم کا عالم ہے۔

پولیس نے کیس کی تفتیش میں پیش رفت کی یقین دہانی کرائی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ جلد ملزمان کو عدالت کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔