پشاور یونیورسٹی میں عمران کے لیے تالیاں بجانے کی فرمائش پر سہیل آفریدی کو سبکی کاسامنا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی

July 30, 2026 · امت خاص

تصویر: سوشل میڈیا

 

پشاور یونیورسٹی کے اسٹیج پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو شدید سبکی کا سامناکرناپڑگیا۔ انہوں نے تقریر کے دوران جب طلباوطالبات سے عمران خان کے لئے تالیاں بجانے کا کہا تو کوئی جوش نظر نہیں آیا۔سہیل آفریدی نے طنزیہ کہا اسٹبلشمنٹ کے لئے تالیاں بجاؤ گے؟جواب میں سٹوڈنٹس نے اتنے جوش و خروش سے تالیاں پیٹیں کہ وزیر اعلیٰ حیران رہ گئے۔انہوں نے دوبارہ کہا کہ اسٹیبلٹمنٹ کے لیے کوئی تالیاں نہیں بجیں گی،بجائو گے؟، اس پر ایک بارپھر زوردارتالیوں نے وزیراعلیٰ کو خفت سے دوچارکردیا۔انہوں نے کھسیانے اندازمیں کہا یہ دوتین ہیں خیر ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے جامعہ پشاور کے کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں ڈگریاں، گولڈ میڈلز اور اعزازات تقسیم کیے۔تقریب میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی، وائس چانسلر جامعہ پشاور، اعلیٰ تعلیم کے حکام، اساتذہ، طلبہ اور معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تالیوں کی گونج آپ کو بتائے گی کہ یہ نوجوان عمران خان کو کتناچاہتے ہیں۔ اس پر دوتین سے زیادہ طلبانے تالیاں نہیں بجائیں ۔لیکن اسٹیبلشمنٹ کی بات پر پورے ہال میں تالیوں کاشور سنائی دیا۔

سہیل آفرید ی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور یونیورسٹی سمیت تمام سرکاری جامعات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ جامعات کے پنشن واجبات کی ادائیگی اور مالی معاونت میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ وفاق کی جانب سے بند کیا گیا احساس اسکالرشپ پروگرام صوبائی وسائل سے جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہناتھاکہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، انہیں معیاری تعلیم، روزگار اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔خیبرپختونخوا حکومت تعلیمی شعبے کی مضبوطی، طلبہ کی فلاح اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ طلبہ کے لیے انٹرسٹ فری لون، بیرونِ ملک تعلیم کے لیے قرضوں اور صوبائی انٹرن شپ پالیسی کا جلد اعلان کیا جائے گا۔