حکومت مخالف مشترکہ تحریک چلانے کے لیے پی ٹی آئی کےجے یو آئی(ف)سےرابطے

مشترکہ احتجاج اور آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر قیادت کے درمیان مشاورت جاری

August 1, 2026 · قومی

وفاقی حکومت کے خلاف مؤثر تحریک چلانے پر دونوں جماعتوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، شوکت یوسفزئی کی جے یو آئی سے رابطوں کی تصدیق۔ فوٹو فائل

 

تحریک انصاف  نے وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلانے کے لیے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے جے یو آئی (ف) کے قائدین سے ملاقات کی اور وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کی تجویز پیش کی۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) نے فی الحال مشترکہ احتجاج کی حمایت نہیں کی۔ جے یو آئی (ف) کا مؤقف ہے کہ احتجاج سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان مکمل اعتماد بحال ہونا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) کی قیادت کے درمیان آئندہ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے قائدین سے ملاقاتوں کی تصدیق کی۔

شوکت یوسفزئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے براہ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے خلاف مؤثر تحریک چلانے کے معاملے پر دونوں جماعتوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور متعدد معاملات پر اتفاق رائے ہونے کے قریب ہے۔