افغانستان میں پھنسےمزید110 پاکستانی طلبہ وطن پہنچ گئے،592کارگو گاڑیاں بھی واپس آگئیں

طورخم بارڈر کے ذریعے طلبہ اور گاڑیوں کی مرحلہ وار واپسی کا سلسلہ جاری

August 1, 2026 · قومی

فائل فوٹو

پاک افغان کشیدگی کے باعث افغانستان میں پھنسے مزید 110 پاکستانی طلبہ طورخم بارڈر کے راستے وطن واپس پہنچ گئے، جبکہ 592 پاکستانی کارگو گاڑیوں کو بھی پاکستان میں داخلے کی اجازت مل گئی۔

بارڈر سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی ایک ماہ پہلے 70 پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی ممکن بنائی گئی تھی۔ طلبہ اور کارگو گاڑیوں کی مرحلہ وار واپسی معروف صنعت کار اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ضلع خیبر کے صدر حاجی شیرین خان آفریدی کی کوششوں اور تعاون سے ممکن ہوئی، جبکہ دونوں ممالک کے سفارتی عملے اور بارڈر سیکیورٹی حکام نے بھی اس عمل میں اہم کردار ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق 12 اکتوبر 2025 سے پاک افغان کشیدگی کے باعث سیکڑوں پاکستانی طلبہ اور کارگو گاڑیاں افغانستان میں پھنسی ہوئی تھیں۔

حاجی شیرین خان آفریدی نے بتایا کہ پاکستانی سفارتی عملے اور بارڈر حکام کے باہمی تعاون سے طلبہ کی واپسی ممکن بنائی گئی۔ انہوں نے طورخم بارڈر پر وطن واپس آنے والے طلبہ کا استقبال بھی کیا اور طلبہ و کارگو گاڑیوں کی واپسی کے لیے اپنے کردار کی تصدیق کی۔

وطن واپس پہنچنے والے طلبہ نے پاکستانی حکام، سفارتی عملے اور حاجی شیرین خان آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

حاجی شیرین خان آفریدی کے مطابق افغانستان میں موجود مزید پاکستانی طلبہ اور کارگو گاڑیوں کی واپسی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔