خیبرپختونخوا کے عوام کو امن کے لیے کھڑا ہونا ہوگا ،سہیل آفریدی

سوات دھماکے کے زخمیوں کی عیادت،پولیس اور سی ٹی ڈی کو مزید وسائل دینے کا اعلان

August 3, 2026 · قومی

فائل فوٹو

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جو ہماری پالیسی ہوگی، صوبائی حکومت اس پر من و عن عمل کرے گی۔

سوات میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن ہم سب کی مشترکہ ضرورت ہے، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور ہر مکتبہ فکر امن کے لیے متفق ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام کو بھی امن کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا ہے، پولیس اور سی ٹی ڈی کو تمام تر وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس کو جدید آلات اور انفراسٹرکچر کے لیے 35 ارب روپے سے زائد دیے گئے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، اس لیے امن کا قیام اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس باصلاحیت ہے اور اس نے دہشتگردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت فارم 47 کے تحت آئی، ان کے پاس اختیار نہیں، وہ خیبرپختونخوا کی فکر چھوڑ کر اپنی فکر کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کی مد میں 5 ہزار ارب روپے دیے گئے جبکہ جی ڈی پی مسلسل گر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں عوام کے مینڈیٹ سے حکومت قائم ہوئی ہے اور حکومت عوام کے مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرے گی۔