ایف بی آر نے نئے ٹیکس دہندگان کیلئے 25 ہزار روپے کا سرچارج ختم کردیا

نئے طریقہ کار کے تحت یقین دہانی جمع کرانے کے بعد چھ ماہ تک جائیداد خریدنے یا حاصل کرنے پر پابندی ہوگی

November 11, 2026 · قومی
ایف بی آر نے نئے ٹیکس دہندگان کیلئے 25 ہزار روپے کا سرچارج ختم کردیا

ایف بی آر نے نئے ٹیکس دہندگان کیلئے 25 ہزار روپے کا سرچارج ختم کردیا

اسلام آباد: وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نئے ٹیکس دہندگان کو بڑی سہولت دیتے ہوئے ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شمولیت کیلئے 25 ہزار روپے کا سرچارج ختم کردیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق اب نئے ٹیکس دہندگان اضافی سرچارج ادا کیے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہوسکیں گے، تاہم اس کیلئے انہیں ادارے کے پاس تحریری یقین دہانی جمع کرانا ہوگی۔

اس مقصد کیلئے ایف بی آر نے نیا فارم متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس نظام کے تحت برقی طور پر یقین دہانی جمع کراسکیں گے۔

نئے طریقہ کار کے تحت یقین دہانی جمع کرانے کے بعد چھ ماہ تک جائیداد خریدنے یا حاصل کرنے پر پابندی ہوگی۔ اس دوران ایف بی آر ٹیکس دہندگان کی جائیداد سے متعلق سرگرمیوں کی نگرانی بھی کرے گا۔

اگر کوئی ٹیکس دہندہ مقررہ چھ ماہ کے دوران جائیداد خریدتا یا حاصل کرتا ہے تو اسے دی گئی 25 ہزار روپے کے سرچارج کی چھوٹ ختم ہوجائے گی۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نئے ٹیکس دہندگان کو بغیر اضافی فیس کے ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے، تاہم اس کیلئے مقررہ شرائط کی پابندی لازمی ہوگی۔